چیف جسٹس نے اسکول جلانے کے واقعات کا نوٹس لے لیا
اسلام آباد: چیف جسٹس ثاقب نثار نے دیامیر میں لڑکیوں کے اسکول جلانے کے واقعات پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے دیامیر میں اسکولوں کو آگ لگانے اور بارودی مواد کے ذریعے تباہ کرنے کا نوٹس لے لیا ہے۔ دیامیر کے علاقے چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکولوں کو آگ لگانے اور دھماکا خیز مواد کے ذریعے اڑانے کے واقعات کے بعد چیف جسٹس نے حکومت پاکستان، سیکرٹری آزاد کشمیر گلگت و بلتستان افیئرز اور سیکرٹری داخلہ سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ دیامیر کی تحصیل تانگیر، داریل اور چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 12 اسکولوں کو نامعلوم افراد کے ہاتھوں نذر آتش کرنے اور دھماکا خیز مواد سے تباہ کرنے کے واقعات پیش آئے تھے۔ ان میں پاک فوج کے زیر انتظام چلنے والے اسکول بھی شامل ہیں۔