نواز شریف کو کوئی پیغام نہیں بھیجا،چوہدری نثار
اسلام آباد...ترجمان چوہدری نثار نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ نے نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا اور نہ شہباز شریف کے ذریعے کوئی پیغام بھجوایا ۔حقیقت یہ ہے کہ شہباز شریف سے بھی کوئی رابطہ نہیں۔ ترجمان نے اس بات کی بھی تردید کی کہ چوہدری نثار نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ چوہدری نثار نے الیکشن لڑنے یا نہ لڑنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ ترجمان نے کہا کہ چند مخصوص اخبارات میں چوہدری نثار کے حوالے سے لغو اور بے بنیاد خبریں شائع کرر ہے ہیں۔ بدقسمتی ہے کہ خود ساختہ خبروں کو معتبر اخبارات کی زینت بنا دیا جاتا ہے۔ یہ زحمت بھی گوارہ نہیں کی جاتی کہ کسی قسم کی کوئی تصدیق کی جائے۔