ایم کیو ایم بھی تحریک انصاف کی اتحادی
اسلام آباد...ایم کیو ایم پاکستان نے وفاق میں حکومت سازی کےلئے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی وی انٹرویو میں ایم کیو ایم کے کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی میں تحریک انصاف کی مدد کریں گے۔ حکومتی بنچوں پر بیٹھیں گے۔انہوںنے کہا کہ ہمیں کوئی وزارت نہیں چاہئیے۔بہت سے اصولی موقف اور آئینی تقاضے پورے کرنے کے لئے وفاق میں پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے مینڈیٹ کا احترام چاہتے ہیں ۔کراچی میں ا ب تحریک انصاف کا اسٹیک شامل ہوگیا ۔مسائل کے حل میں اسے بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ جہانگیر ترین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہر کے مسائل فوری طور پر حل ہونگے۔ ایک سوا ل پر انہوں نے کہاکہ میرا نہیں خیال اتنے تجربات کے بعد ایم کیوایم سندھ حکومت کوجوائن کرے گی ۔ویسے بھی پیپلزپارٹی کو حکومت سازی کے لئے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔ دریں اثناءتحریک انصاف ادر ایم کیو ایم نے معاملات آگے بڑھانے کے لئے کمیٹیاں بنا دیں۔