پیپلز پارٹی کو سخت مقابلے کا سامنا
کراچی: ملک بھر میں جاری عام انتخابات کےلئے ووٹنگ کے دوران پیپلز پارٹی کو دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے الیکشن سے قبل میدان میں اترنے کے لیے بھرپور تیاری کی تھی تاہم اس کے باوجود اسے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیپلز پارٹی قیادت نے ملک بھر سے قومی اسمبلی کی50 سے 60 نشستیں حاصل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ پنجاب کی قومی اسمبلی کی 141نشستوں پر پیپلز پارٹی کی پوزیشن خاصی کمزور دکھائی دیتی ہے اور پارٹی کی طرف سے تمام نشستوں پر امیدوار بھی پورے نہیں دیے گئے ہیں۔ اسی طرح پارٹی قیادت نے جنوبی اور وسطی پنجاب سے 10 سے 15 سیٹوں کو ٹارگٹ کر رکھا ہے جو بظاہر پورا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے پاس ایسے بہت سے امیدوار ہیں جو کامیاب نہ بھی ہوئے تو وہ 25 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے دوسری پارٹیوں اور ن لیگ اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو متاثر کر سکتے ہیں۔