الیکشن کمیشن‘ نگراں حکومت اور سیکورٹی فورسز فرض نبھانے میں کوشاں
کراچی: ملکی سیاسی صورت حال اور حالیہ انتخابات پر گہری نظر رکھنے والے مبصرین نے آج کا دن الیکشن کمیشن، نگراں صوبائی و وفاقی حکومتوں اور افواج پاکستان کے لیے آزمائش اور امتحان کا دن قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی تاریخ میں 11 ہویں انتخابات آج ہو رہے ہیں جس کے انتظامات معاملات اور سیکورٹی خدشات کے باعث قیام امن کو برقرار رکھنے کے لیے تیاریاں مکمل کرنے کے دعوے بھی کیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق جاری کرنے سمیت دیگر تیاریاں مکمل جبکہ صوبائی و وفاقی نگراں حکومتوں سمیت سیکورٹی اداروں کا بھی اپنی اپنی ذمے داریوں کو مکمل کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں۔ اس حوالے سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کو پر امن ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں مکمل تعاون اور سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا رکھی ہے ۔ دوسری جانب انتخابات کے انعقاد سے قبل بڑی سیاسی جماعتوں نے قبل از انتخاب دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔ سیاسی جماعتوں کے تحفظات اور سیکورٹی خدشات کے باعث آج کے اہم دن کو الیکشن کمیشن، نگراں حکومت اور پاک فوج کے لیے چیلنجز سے نمٹنے کا دن قرار دیا جا رہا ہے۔