دوران پولنگ ناخوشگوار واقعات‘ مزید ہلاک و زخمی
کراچی: آج ملک بھر میں الیکشن 2018ءکے سلسلے میں ووٹنگ جاری ہے جبکہ اس دوران مختلف ناخوشگوار واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاڑکانہ میں سورھیا پدر کے علاقے میں ایک کریکر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب خوشاب میں نور پور تھل کے پولنگ اسٹیشن 273 میں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے مابین جھگڑا ہوا ہے، تاہم اطلاعات کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر تعینات پولیس اہلکار حالات معمول پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں وہاڑی کے گاﺅں 257 ای بی کے گرلز ہائرسیکنڈری اسکول پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے آنے والا شخص گرمی کی شدت سے جاں بحق۔ قبل ازیں آج صبح صوابی کے کرنل شیر کلے پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 انتخابی امیدواروں کے حامیوں کے مابین زبانی تلخی میں شدت آ گئی جس کے بعد معمولی لڑائی بڑھتے بڑھتے تصادم کی شکل اختیار کر گئی اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ ابتدائی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے 4 افراد پولنگ ایجنٹ ہیں۔