پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا‘ فائرنگ سے ایک شخص ہلاک‘ 4 زخمی
کراچی: عام انتخابات 2018ءکے موقع پر ملک بھر میں ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے۔ اس حوالے سے عوام کے ساتھ سیاسی کارکن بھی جوش میں ہیں اور اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے میں کوشاں ہیں۔ اسی دوران مختلف علاقوں سے پولنگ کے دوران سیاسی کارکنوں کے مابین جھگڑے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ صوابی کے کرنل شیر کلے پولنگ اسٹیشن کے باہر 2 انتخابی امیدواروں کے حامیوں کے مابین زبانی تلخی میں شدت آ گئی جس کے بعد معمولی لڑائی بڑھتے بڑھتے تصادم کی شکل اختیار کر گئی اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ ابتدائی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے 4 افراد پولنگ ایجنٹ ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری بہار کالونی میں مشکوک شخص نے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس نے مشکوک شخص کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔