Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سخت حفاظتی انتظامات

لاہور: ملک بھر میں جاری سیاسی گرما گرمی کے دوران گزشتہ دنوں دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے آج انتخابی پولنگ کے دوران قیام امن کو یقینی بنانے کی خاطر حفاظتی انتظامات سخت کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے تاہم مختلف وجوہات کی وجہ سے قومی اسمبلی کی 139 اور صوبائی اسمبلی کی 295 نشستوں پر براہ راست انتخابات ہورہے ہیں۔ قومی اسمبلی کےلئے 3 ہزار 675 ، صوبائی اسمبلیوں کے لیے 8 ہزار 895 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات کےلئے 47 ہزار 473 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ درجہ اے کے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 6 ہزار335 ، بی درجے کے پولنگ اسٹیشن کی تعداد 16 ہزار 944 جبکہ سی درجے کے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 24 ہزار201 ہے ۔ الیکشن ڈیوٹی پر 2 لاکھ 59 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔ پاک فوج کے جوان اور افسران اس کے علاوہ ہیں۔ واضح رہے کہ درجہ اے نارمل پولنگ اسٹیشنز کو ظاہر کرتا ہے جبکہ درجہ بی حساس اور درجہ سی انتہائی حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز کےلئے مختص کیا گیا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 جب کہ صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر انتخابات ہونا تھے تاہم سانحہ مستونگ کے باعث صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر پولنگ نہیں ہورہی۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی کے لیے 303 اور صوبائی اسمبلی کے لیے 1007 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ 4 ہزار 420 پولنگ اسٹیشنز میں سے ایک ہزار 768 حساس ترین اور 400 حساس ہیں، 700 پولنگ اسٹشنز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کو شفاف اور پر امن بنانے کے لیے صوبے بھر میں 28 ہزار پولیس اہلکاروں کے علاوہ لیویز ، ایف سی اور آر آر جی کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ فوج بھی ہائی الرٹ ہے ۔ادھر خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 39 نشستیں تھیں تاہم قبائلی ایجنسیاں اب خیبر پختونخوا کا ضلع بن گئی ہیں اور صوبے کی نشستیں بھی 39 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہیں جب کہ صوبائی اسمبلی کی 99 نشستوں پر براہ راست انتخاب ہوتا ہے۔آج صوبے بھر سے قومی اسمبلی کی 51 ، صوبائی اسمبلی کی 97 نشستوں پر پولنگ جاری ہے ۔ قومی اسمبلی کے لیے 760 اور صوبائی اسمبلی کے لیے ایک ہزار 264 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ صوبے بھر میں سے 4 ہزار 539 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 3 ہزار 174 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دیئے گئے ہیں۔ 69 ہزار 163 پولیس جوان ڈیوٹی سرانجام دے رہیں جب کہ ایف سی کی 66 پلاٹونز بھی تعینات کی گئی ہیں۔
 
 

شیئر: