”الیکشن پر ایک ہزار کفن تیار“ متنازع بیان پر ہلچل
پشاور: ملک بھر میں کل عام انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے اور اس حوالے سے قیام امن کو یقینی بنانے کی خاطر تمام سیکورٹی ادرے اور نگراں حکومت نے اپنے انتظامات مکمل کر رکھے ہیں تاہم گزشتہ دنوں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد سے حساس علاقوں میں رہنے والے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ اسی دوران گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے غیر ذمے دارانہ بیان جاری کیے جانے پر انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا دوست محمد خان نے ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ کے بیان کا نوٹس لے لیا۔ عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ذمے دارانہ بیان دینے پر ڈی سی پشاور کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے ۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈی سی پشاور کا بیان عوام خصوصاَ ووٹرز میں بلاوجہ اور بے بنیاد خوف و ہراس پھیلانے کا بھونڈا مذاق ہے۔پولنگ کے روز رائے دہندگان کی سیکورٹی کی جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے ، فوج، ایف سی اور پولیس کے دستے نہ صرف پولنگ اسٹیشنز پر تعینات رہیں گے بلکہ گشت بھی کریں گے ۔ دوسری جانب ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریس کانفرنس کے کچھ حصوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ میڈیا بریفنگ کا مقصد صرف یہ تھا کہ امن و امان کو کنٹرول کر نے کے لیے نہ صرف بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں بلکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ تیار ہے ۔ واضح رہے کہ ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ نے گزشتہ روز ایک ہزار کفن تیار کرنے کا بیان دیا تھا۔ ڈی سی پشاور عمران حامد شیخ نے بریفنگ میں بتایا تھا کہ الیکشن کے دن کے لیے اس حد تک تیاری کی ہے کہ ناخوشگوار واقعے کی صورت میں 1 ہزار کفن بھی تیار کرلئے ہیں۔