جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف درخواست دائر
لاہور: عدالت عالیہ اسلام آباد کے جج جسٹس شوکت صدیقی کے خلاف از خود نوٹس لینے کے لیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی سابق وزیرا عظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور عرفان صدیقی کے عزیز ہیں۔ وہ عدلیہ کے خلاف اور سیاسی ایجنڈے کے حامل ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی متنازع تقریر سے گلتا ہے کہ وہ نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر کی اپیل کی سماعت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی نے ملکی ادارے کے خلاف بیان دیا جو ان کے اپنے حلف کی خلاف ورزی اور ملکی وفاداری سے روگردانی کے مترادف ہے۔ جسٹس شوکت صدیقی اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی اہلیت کھو چکے ہیں لہٰذا اعلیٰ عدلیہ ان کے خلاف کارروائی کے لئے ازخود نوٹس لے ۔