ایم کیو ایم کے طاہر حسین مشہدی ن لیگ میں شامل
جمعرات 19 جولائی 2018 3:00
لاہور ... ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما سابق سینیٹر طاہر حسین مشہدی نے ایم کیو ایم کے ساتھ طویل رفاقت ختم کرکے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جدوجہد کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگیا ہوں ۔ لاہور میں جمعرات کومرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں ہونے والی انسداد دھاندلی اور سوشل میڈیا ورکرز اور پولنگ ایجنٹس کے کنونشن میں شرکت کے دوران ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا ہوں ۔ ہمیں پاکستان میں منشیات ، پیسے اور لوٹوں کا کلچر نہیں چاہیے۔ نواز شریف کی طرح کا بہادر لیڈر چاہیے۔ انہوں نے جس طرح کی بہادری دکھائی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح مادر ملت فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ چلتی تھیں۔ اسی طرح مریم نواز اپنے والد کے ساتھ چل رہی ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے طاہر مشہدی کو مسلم لیگ میں خوش آمدید کہا اور اپنی جماعت میں شمولیت پر خیر مقدم کیا ۔ طاہر حسین مشہدی ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر بھی رہ چکے ہیں ۔