Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

نواز، مریم اور صفدر کی اپیلوں پر نیب کو نوٹس جاری

اسلام آباد:  عدالت عالیہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر نیب کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی سزا معطل کرنے کی اپیلوں کی سماعت کی۔ اس دوران ہائی کورٹ نے نیب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
دوران سماعت نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس ہے۔ احتساب عدالت کے فیصلے میں اثاثہ جات کی قدر و قیمت نہیں بتائی گئی۔ جب اثاثہ جات کی حقیقی قیمت کا علم نہ ہو تو کیسے زائد اثاثہ جات کا الزام ثابت ہو سکتا ہے۔ ہم نے پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ اور نیب کے گواہ واجد ضیا سے بھی پوچھا کہ پراپرٹی کی قیمت بتائیں، تو وہ بھی ناکام رہے ، ہم سزا کی معطلی چاہتے ہیں۔
جسٹس محسن کیانی نے پوچھا کہ استغاثہ نے آپ کے خلاف کیا شواہد پیش کیے ؟۔ خواجہ حارث نے کہا کہ استغاثہ نے صرف یہ کہا کہ نواز شریف کے بچوں کا 93-96 تک کاروبار نہیں تھا اور وہ نواز شریف کے زیر کفالت تھے ، لیکن واجد ضیا نے ایسا کوئی ثبوت نہیں دیا کہ بچے کاروبار کے لیے والد کے زیر کفالت تھے ۔

شیئر: