انقلاب آیا اور بالآخر اڈیالہ جیل پہنچ گیا‘ پی ٹی آئی
اسلام آباد: ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے قائد کی پاکستان واپسی اور جیل جانے سے متعلق واقعات پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”بہت شور سنتے تھے پہلو میں دل کے، جو چیرا تو اِک قطرہ خون نکلا“۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کی ریلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس انقلاب کا شور مچایا جا رہا تھا وہ بالآخر اڈیالہ جیل پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب آیا اور چلا بھی گیا مگر شہباز شریف ماڈل ٹاﺅن سے بھی باہر نہیں نکل سکے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قوم جانتی ہے کہ شہباز شریف روز اول ہی سے اس انقلاب سے دامن چھڑوانے کے لیے کوشاں ہیں، پانامہ لیکس سے آج تک قوم کو گمراہ کرنے کے لیے ہر حربہ آزمایا گیا، العزیزیہ اور ہل میٹل کے فیصلے آنا باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی سیاہ رات انجام پذیر ہے اور اجالا نمودار ہوا چاہتا ہے ۔