بنوں دھماکا: ملک دشمن عناصر سازشیں کررہے ہیں‘ عمران خان
اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ رواں ماہ ہونے والے الیکشن سے پہلے ہی انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنوں میں سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25 جولائی کو ہونے والے تاریخی انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنادیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ اکرم درانی کے محفوظ ہونے کی خبر اطمینان کا باعث ہے۔ ملک میں ہونے والے الیکشن کے اہم موقع پر دشمن ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ نگراں حکومتیں امیدواروں کی سیکورٹی اور مجموعی طور پر قیام امن کے لیے اپنی ترجیحات بنائیں اور دہشت گردوں کو ملک میں فساد پیدا کرنے کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔