حج 2018ء: سرکاری ملازمین غیر یقینی کا شکار
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
کراچی: سندھ حکومت نے رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر سرکاری ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی۔ واضح رہے کہ یہ حکم نامہ ان افراد پر بھی لاگو ہوگا جوحج پر جانا چاہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بدھ کوجاری کیے گئے ایس اینڈ جی ڈی کے نوٹی فکیشن نمبر NO,SOV(SGA/CD)8.110/2018 کے مطابق انتخابات کے دوران ہر قسم کی چھٹیوں بشمول حج کی بھی رخصت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ نوٹی فکیشن کے متن میں 26 جون کو جاری ہونے والے سابقہ نوٹی فکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ نے رواں برس حج کے لیے حاصل کی جانے والی چھٹیوں کو اس پابندی سے مستثنا قرار دیا ہے تاہم اس کے لیے محکمے کے سربراہوں کی جانب سے دستاویز کی تصدیق لازمی ہوگی جبکہ جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے عنوان میں انتخابات کے دوران ہر قسم کی چھٹیوں بشمول حج کی بھی رخصت پر پابندی لکھاگیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت سمیت دیگر اداروں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کاکہنا ہے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے چھٹیوں پر پابندی عائد ہے لیکن حج پر جانے والے خواہشمند افراد کوتاحال اس حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے ہزاروں سرکاری ملازمین فریضہ حج ادائیگی کو غیریقینی سمجھ رہے ہیں۔محکمہ صحت کے سیکڑوں افسران وملازمین نے محکمہ کوحج کی چھٹیوں کی درخواستیں دے رکھی ہیں لیکن ان درخواستوں پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ دوسری جانب حج پرجانے والے خواہشمندوںکاکہنا ہے کہ سیکڑوں ملازمین نے پرائیویٹ حج پرجانے کی تیاریاںکر رکھی ہیں لیکن محکمے کی جانب سے رخصت منظور نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار ہیں۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ حج رخصت کے حوالے سے سیکرٹری صحت نے چیف سیکرٹری سے رابطہ کرلیا ہے اور محکمہ صحت نے اس حوالے سے سمری چیف سیکرٹری کوبھیج دی۔