ریاض.... ڈاکٹر ثمر خان نے کہا ہے کہ جدہ میں اہل خانہ کے ہمراہ گاڑی چلاتے وقت ایک 20 سالہ نوجوان نے انہیں چھیڑنے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر ثمر نے ٹوئٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر اس کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ نوجوان نے گاڑی کے دائیں بائیں چکر لگائے اور جب اس نے یہ دیکھ لیا کہ ہم اس کی چھیڑ خانی کا ریکارڈ محفوظ کررہے ہیں تو اس نے حد سے زیادہ رفتار سے اس انداز سے اپنی گاڑی بھگائی جس سے میری اور اہل خانہ کی زندگی خطرات سے دوچار ہوگئی تھی۔ ہم نے وزارت داخلہ کی ایپلی کیشن "کلنا امن " پر رپورٹ درج کرائی۔ فوراً ہی پولیس نے ہمیں اسٹیشن طلب کرلیا اور چھیڑ خانی کرنے والے کو بھی طلب کرلیا گیا۔ اس کے ہمراہ اس کا بڑا بھائی بھی آیا تھا۔ دونوں نے انتہائی معذرت کی۔ نوجوان نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔ ڈاکٹر ثمر خان کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ دیکھ کر دلی اذیت ہوئی کہ اس کا بڑا بھائی رپورٹ واپس لینے کیلئے سرجھکائے ہوئے تھا اور بار بار معذرت کرکے معافی طلب کررہا تھا۔ میں نے اس سے یہ اقرار نامہ لے کر کہ آئندہ وہ تمام خواتین کی عزت کرے گا اور اس قسم کی حرکت نہیں کرے گا اسے معاف کردیا۔ جس کے بعد فائل بند کردی گئی۔