تربیلا ڈیم میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم
اسلام آباد...ملک میں پانی کی کمی مزید شدت اختیار کرگئی ۔سب سے بڑے تربیلا ڈیم میں پانی کا قابل استعمال ذخیرہ ختم ہونے کے بعدپانی کی سطح ڈیڈ لیول ایک ہزار 386 فٹ پر آگئی ۔ فلڈ فار کاسٹنگ ڈویڑن کے مطابق منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح ڈیڈ لیول کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 122 فٹ ہے۔کم بارش اور گلیشیرز کے نہ پگھلنے سے ملک میں آبی ذخائر جولائی میں بھی بہتر نہ ہوسکے ۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق آئندہ چند دن میں بارش نہ ہوئیں تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔حکام کے مطابق ڈیموں میں پانی کی کمی کے باعث صوبوں کو ملنے والے پانی کی مقدار میں بھی کمی آئے گی۔صرف سندھ کے گدو، سکھر اور کوٹری بیراج میں پانی کی قلت 40 سے50 فیصد تک پہنچ جائے گی ۔ چاول سمیت مختلف فصلوں کے متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ۔