احسن اقبال پڑھا لکھا گلو بٹ؟
اسلام آباد...تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے حلقہ 53 اسلام آبادکی انتخابی مہم کے انچارج زلفی بخاری نے کہا ہے کہ احسن اقبال پڑھا لکھا گلو بٹ ہے۔ جس نے اپنی وزارت اور عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے میرا نام ای سی ایل میں ڈالا تھا۔ اللہ کا شکر ہے کہ عدالت نے مجھے انصاف دیا اور عدالت نے ان کے غیر قانونی عمل کو رد کردیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے عہدوں سے مخالفین کو زچ کرنا مالی کرپشن سے بھی بری اخلاقی کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا سارا کاروبار یوکے میں ہے۔ میرا نام ای سی ایل میں ڈال کر میری کاروباری شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ریحام خان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں البتہ انہیں ایک لیگل نوٹس بھیج رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو نہ صرف این اے 53 سے شکست دیں گے بلکہ مری سے بھی ناکامی ان کا مقدر ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ عمران خان دلیر اور اللہ پر ایمان رکھنے والا لیڈر ہے۔