پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی و صوبائی اسمبلی ایم ایم اے میں شامل
سکھر: پیپلزپارٹی کو ایک بڑا نقصان ہوگیا۔ سابق صوبائی وزیر نے ٹکٹ نہ ملنے پر متحدہ مجلس عمل میں شمولیت اختیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق جام سیف اللہ دھاریجو جو پیپلز پارٹی کی حکومت میں صوبائی وزیر بھی رہے۔ پارٹی کی جانب سے انتخابی ٹکٹ کے سلسلے میں نظر انداز کئے جانے کے بعد متحدہ مجلس عمل میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ سیف اللہ دھاریجو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 21 (گھوٹکی) سے ایم ایم اے کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔ سابق صوبائی وزیر نے گزشتہ روز اپنی پرانی سیاسی جماعت سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت اختیار کی۔ واضح رہے کہ سیف اللہ دھاریجو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 4 مرتبہ رکن سندھ اسمبلی اور ایک بار رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے رہنماﺅں کے ساتھ سکھر پریس کلب میں باقاعدہ پریس کانفرنس میں پارٹی سے علیحدگی اور نئی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔