مناسب وقت پر سچ بولوں گا،چوہدری نثار
راولپنڈی... سابق وزیر داخلہ اور ن لیگ کے رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ کیا اختلافات تھے۔ وقت آنے پر سچ سچ بتاوں گا۔ ساری زندگی عزت سے سیاست کی ۔کسی سے کوئی ڈیل نہیں کی۔ چکری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں آکر کوئی مل ،فیکٹری یا پٹرول پمپ نہیں بنایا ۔حلقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کیا ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ میرے حلقے کا مقابلہ نواز شریف ،شہباز شریف اور زرداری کے حلقے سے کرنا ۔اگر حلقے میں ترقی نہیں ہوئی تو ووٹ مت دینا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی زندگی میں چکری میں اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا ۔انتخابات میں مخالفین کو شکست دیں گے۔ کوئی ٹکٹ کے ساتھ آئے یا بغیر ٹکٹ ،یہاں کے عوام انہیں رد کردیں گے۔ انہوں نے کا کہ میرا ان سے کیا مقابلہ جو مشرف کے ساتھی رہ چکے ہیں۔ میں تحریک انصاف یا ن لیگ کی طرف نہیں دیکھتا۔انہوں نے کہا کہ ایک امیدوار عمران خان کا ٹکٹ لے کر بڑی بڑی باتیں کرتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انقلاب لے کر آئیں گے۔ یہ انقلاب نہیں بگاڑ لائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور فوج سے پوچھے بغیر کراچی میں آپریشن شروع کیا۔ دہشت گردی کی جنگ فوج سے مل کر لڑی ہے۔ آج ملک میں امن ہے۔