واشنگٹن۔۔۔امریکی سیکریٹری خارجہ پومپیو نے ایران کو جوہری ہتھیار کی تیاری سے متعلق خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے جوہری منصوبے پر کام بند نہیں کیا تو پوری دنیا کا قہر برداشت کرنے کے لیے تیار ہو جائے اور اگر منصوبے پر عمل سے باز رہتا ہے تو امریکہ کو کسی ملک کیخلاف عسکری کارروائی کی ضرورت نہیں رہیگی۔گزشتہ روز سیاسی تجزیہ کار کو دیئے جانیو الے انٹرویو میں پومپیو نے کہا کہ ایران کیساتھ عالمی معاہدہ کی صورت کچھ بھی ہو لیکن جوہری ہتھیارتہران کے مفاد میں نہیں ۔مجھے امید ہے کہ تہران کو سمجھ میں آگیا کہ اگر انہوں نے جوہری منصوبہ لپیٹ کر نہیں رکھا تو پوری دنیا کا غصہ ان پر گرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے مزید چند ایک سینٹری فیوجز کا استعمال کیا،اگر انہوں نے ہتھیار بنانے کا منصوبہ شروع کیا تو پوری دنیا کے لیے یہ ناقابل برداشت ہوگا اور یقینا یہ ایران کے مفاد میں بالکل ٹھیک نہیں ہوگا۔انہوںنے کہا کہ میں ایران کیخلاف امریکی عسکری کارروائی کی بات نہیں کررہا،جب میں غصے کی بات کررہا ہوں تو اسے عسکری کارروائی نہیں سمجھا جائے بلکہ میرا مطلب ایران پر انتہائی سخت اقتصادی پابندیاں ہیں۔ یہ کسی کے مفاد میں بھی اچھا نہیں ہوگا۔