میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ دئیے،مریم اورنگزیب
اسلام آباد.... مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لیگ (ن) نے ابھی ٹکٹوں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ مکمل اور حتمی فہرست2دن میں جاری کی جائے گی ۔ہفتہ کو ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن حلقوں میں امیدواروں کا ناموں کا اعلان نہیں ہوا ،دوسری فہرست میں شامل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے میرٹ پر امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے۔ جن حلقوں میں تاحال امیدوار نامزد نہیں ہوئے ان پر مشاورت جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ واحد سیاسی جاعت ہے جس کی اعلی قیادت نے نہ صرف ذاتی طور پر امیدواروں کے انٹرویو کئے بلکہ انہیں اعتماد میں بھی لیاگیا ۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب میں قومی اسمبلی کے لئے احسن اقبال، دانیال عزیز، تہمینہ دولتانہ، وقاص اکرم، چوہدری نثار کے بہنوئی، راجہ ظفرالحق کے بیٹے کو ٹکٹ دئیے ہیں۔این اے 131 میں سعد رفیق اور عمران خان آمنے سامنے ہوں گے۔ مریم نواز لاہور کے حلقہ این اے 125 میں تحریک انصاف کی یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گی۔ این اے 60 میں حنیف عباسی، شیخ رشید کے خلاف لڑیں گے۔ این اے 129 میں ن لیگ نے ایاز صادق کو نامزد کیاہے۔ ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے علیم خان سے ہوگا۔این اے 78 نارووال میں ن لیگ کے احسن اقبال اورتحریک انصاف کے ابرارالحق مد مقابل ہیں۔ این اے 73 سیالکوٹ میں خواجہ آصف اور عثمان ڈا، این اے 72 سیالکوٹ میں ارمغان سبحانی اور فردوس عاشق اعوان کے درمیان انتخابی معرکہ ہوگا۔این اے 106 فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ اور نثار جٹ مقابلہ کریں گے۔