ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی،چوہدری نثار
راولپنڈی...سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ ہمیشہ سر اٹھا کر سیاست کی ۔کسی کی خوشامد نہیں کی ۔مخالفین کا میرے حلقے سے کوئی تعلق نہیں ۔ روات میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ آج کا جلسہ دیکھ کر میرا حوصلہ مزید بڑھ گیا ۔ الیکشن میں آ ستین چڑھا کر تقریر کرنا آسان کام ہے۔ اقتدار میں آیا تو عوام کی خدمت کی اپنی جیبیں نہیں بھریں۔ اپنے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ تقریر کرنا بہت آسان ہے کام کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہو اسے مشکل آ ہی نہیں سکتی۔ مجھے عوام کو قائل کرنے کی ضرورت نہیں۔ یہاں کوئی ٹکٹ والا آئے یا بے ٹکٹ والا، اسے شکست ہو گی۔انہوں نے کہا کہ میں نے کسی کو کبھی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا۔ اقتدار کو اپنی یا خاندان کی جیبیں بھرنے کے لئے استعمال نہیں کیا۔ کوئی فیکٹری ، مل یا پٹرول پمپ نہیں لگایا۔