Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025
جمعرات ، 11 ستمبر ، 2025 | Thursday , September   11, 2025

مملکت بھر میں نماز عیدکے انتظامات،تارکین اور سعودی عوام میں جوش و خروش

ریاض..... مملکت بھر میں عید الفطر کا جشن منانے کی تیاریاں نقطہ عروج کو پہنچ گئیں۔ وزار ت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے 7495مقامات پر نمازعید کے انتظامات مکمل کردیئے۔ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں میں عید کے جشن کا جوش و خروش رات بھر شاپنگ کی صورت میں دیکھنے میں آیا۔ پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے شہری مملکت کے تمام بڑے شہروں خاص طور پر ریاض، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جدہ، طائف ، دمام ، تبوک ، خمیس مشیط ، حائل اور ابہا میں رات گئے تک خواتین اوربچوں کے ہمراہ عید کی شاپنگ اور سج دھج کے انتظامات میں لگے رہے۔ بچیوں اور خواتین نے بیوٹی پارلر جاکر آرائش کا اہتمام کیا خاص طور پر برصغیر میں عید کے موقع پر مہندی لگانے کا رواج عام ہے۔ اسکا بھی خاص خیال رکھا گیا۔ بچیوں نے جدہ کے کبابش علاقے سے چوڑیاں اور مہندی وغیرہ بھی خریدیں ۔ بچیوں کی خوشی اس حوالے سے دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ عید کے موقع پر ہزاروں تارکین مدینہ منورہ پہنچ گئے جبکہ کئی لاکھ نے جدہ اور مضافات سے مکہ مکرمہ پہنچ کر عید کا اہتمام رات کو ہی شروع کردیا تھا۔ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ عید کے موقع پر مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 43سینٹی گریڈ تک رہیگا۔ سب سے کم درجہ حرارت 31عسیر کے حصے میں آئیگا۔ پیرتک درجہ حرارت کا سلسلہ سخت ہی رہیگا۔سعودی عرب کے ساحلی شہروں پر شدید اژدحام کے امکانات ہیں۔ اس احتمال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کوسٹ گارڈز نے عید الفطر کے ایام کے دوران سعودی عرب کے تمام علاقوں اور ساحلی کمشنریوں میں تیراکی ، غوطہ خوری اورماہی گیری کے شائقین کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ اسی کے ساتھ مقامی شہریوںاور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ درپیش موسمی حالات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔ دریں اثناءطائف کمشنری میں مساجد انتظامیہ نے عید الفطر کے حوالے سے تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امسال الحویلی عید گاہ کے بجائے طائف کمشنری کی مقررہ جامع مساجد میں عید کی نماز ادا کی جائیگی۔ اسکا سبب یہ بیان کیا گیا ہے کہ حالیہ ایام میں شدید بارش کے باعث عید گاہوں کا برقی نظام معطل ہوگیا ہے۔وزارت اسلامی امور دعوت و رہنمائی نے عید کی نمازادا کرنے کیلئے مملکت کے مختلف علاقوں میں 7495 عیدگاہوں اور جامع مساجد کی فہرست جاری کردی۔ان تمام مقامات پر لاﺅڈ اسپیکر، صفائی سمیت تمام مطلوبہ انتظامات کرلئے گئے ۔وزیر عبداللطیف آل شیخ تمام انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔
 

شیئر: