مشرف بزدل ہیں ،کبھی نہیں آئیں گے،کیپٹن صفدر
اسلام آباد... سابق رکن قومی اسمبلی اور ن لیگ کے رہنما کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ کہ پرویز مشرف بزدل انسان ہیں، وہ کبھی نہیں آئیں گے۔مشرف کو لانے کا پروگرام بن گیا تو ایک نیا نظریہ ضرورت جنم لے گا۔پہلے آئین کو توڑا جا رہا تھا، اب کھیلا جا رہا ہے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اول تو مشرف آئیں گے نہیں۔ آئے تو نظریہ ضرورت پیدا ہوگا۔ میں ان لوگوں کوکہنا چاہ رہا ہوں کہ آئین کےساتھ نہ کھیلا جائے ۔ مشرف کو 3 نومبر کے آئین شکن اقدامات پر عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مجھے ڈر ہے کوئی نیا نظریہ ضرورت، پی سی او یا ایل ایف او نہ آ جائے۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن کو جو رات پڑھایا جاتا ہے وہ صبح بیان کر دیتے ہیں۔کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ 25جولائی کو بڑی عید ہو گی، جب ہم نظام بدلنے کے لئے نکلیں گے۔ قائد اعظم نے پاکستان بنایا تھا، ہم نظام آزاد کرائیں گے۔بابائے قوم نے ہمیں ملک آزاد کر کے دیا تھا، ہم نظام آزادکرنے جا رہے ہیں۔