اتحاد و یکجہتی کو عملی جامہ پہنانے والی سربراہ کانفرنس
سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار عکاظ کا اداریہ نذرقارئین ہے
* * *
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی دعوت پر مکہ مکرمہ کے قصر الصفامیں منعقد ہونیوالی 4ملکی عرب سربراہ کانفرنس نے عرب اتحاد و یکجہتی کا شاندار مثالی نمونہ پیش کردیا۔اس کانفرنس کے میزبان کی دعوت پر اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن الحسین ، امیر کویت شیخ صباح الاحمد اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد شریک ہوئے۔ مقدس شہر مکہ مکرمہ نے اس کانفرنس کی سرپرستی کی۔ یہ کانفرنس سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری مسلم و عرب دنیا کے باشندوں کے امور سے خادم حرمین شریفین کی ذمہ دارانہ دلچسپی کی آئینہ دار بھی ہے۔
سعودی عرب خادم حرمین شریفین کی زیر قیادت بڑے بڑے کام کسی کو راضی کرنے کیلئے نہیں بلکہ دنیا کے نقشے پر اپنے محل وقوع ، اپنے مبادی اور اپنے تصور کی پابندی کے جذبے سے انجام دے رہا ہے۔
جو شخص بھی بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے عہد سے لیکرشاہ سلمان کے دور تک سعودی عرب کے اقدامات پر ادنیٰ غور و خوض کریگا اسے اس بات کا بخوبی احساس و ادراک ہوجائیگا کہ مملکت کے انسانیت نواز اقدامات بے شمار ہیں اور مکہ میں 4ملکی سربراہ کانفرنس اردنی عوام کیلئے نیک فال ثابت ہوگی۔ اس سے اردن میں خوشحالی ، ترقی ،استحکام ،اطمینان اور سکون کے نئے افق روشن ہونگے۔