چوہدری نثار کا ٹکٹ کیلئے درخواست دینے سے پھر انکار
راولپنڈی...سابق وزیرِ داخلہ اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کی ایک اورصوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لئے کاغذات جمع کرادیئے ۔ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کے حلقہ 59 راولپنڈی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی پی 10 اور 12 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی شیخ اسلم اورشیخ ساجد نے جمع کرائے اور انہیں پی پی 10 کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے 13 جون کوطلب کرلیا گیا ۔این اے 59 سے (ن)لیگ کے انجینئر قمرالاسلام نے بھی چوہدری نثار کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ این اے 59 سے تحریک انصاف کے غلام سرور خان اور پیپلز پارٹی کے چوہدری کامران اسلم بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔چوہدری نثار اور نواز شریف میں اختلافات کھل کر سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک سے زائد پریس کانفرنسز اور انٹرویوز میں نواز شریف اور پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ شہباز شریف چوہدری نثار کو منانے کی کوششیں کرتے نظر آرہے ہیں۔گزشتہ روز چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نوازشریف اور شہباز شریف میں اختلافات کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف چوہدری نثار کو ٹکٹ دینے کے معاملے پر نرم رویہ رکھتے ہیں لیکن نوازشریف نے ٹکٹ جاری کرنے کے لیے شرط رکھی ہے کہ وہ پہلے درخواست دیں اس کے بعد ہی ٹکٹ جاری کیا جائے گا تاہم چوہدری نثار ٹکٹ کے لیے درخواست دینے سے انکار کرچکے ہیں۔