مملکت سے شائع ہونے والے عربی اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ
دہشتگردی کے نمائندہ قطر کے حکمراں یہ جھوٹ پھیلا رہے ہیں کہ سعودی عرب نے قطریوں کو عمرہ ادا کرنے سے روک دیا ہے۔یہ لوگ جھوٹ پھیلا کر گریہ بھی خوب اچھی طرح سے کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں قطر کا منظر نامہ کچھ ایسا ہے کہ وہاں کے حکمراں غلط گوئیوں ، دروغ بیانیوں ، من گھڑت قصوں اور لن ترانیوں کو پھیلا کر اپنے سیاہ اعمال ناموں کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسکا روشن پہلو یہ ہے کہ چونکہ لوگ انکی گھٹیا سازشوں سے بخوبی واقف ہوگئے ہیں اس وجہ سے انکا بولا ہوا ہر جھوٹ بڑی جلدی پکڑ لیا جاتا ہے۔انکی بھرپور کوشش یہ ہے کہ معتمرین کیلئے سعودی عرب کی خدمات کے دائرہ کا حجم اور معیار گھٹا کر پیش کیا جائے۔ عالمی رائے عامہ اس پر کان نہیں دھر رہی ۔
قطری نظام کے نمائندے یہ حقیقت فراموش کررہے ہیں کہ سعودی عرب کے حکمراں مملکت کے بانی سے لیکر تاحال دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کو سہولتیں فراہم کرنا اپنا مشن بنائے ہوئے ہیں۔ سعودی حکومت اس حوالے سے اس امر کیلئے کوشاں رہتی ہے کہ معتمرین کو آرام و راحت پہنچانے کیلئے اعلیٰ درجے کی خدمات مہیا کی جائیں۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کی پیش کردہ سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امسال 70لاکھ سے زیادہ افراد نے انتہائی آرام و راحت اور اطمینان سے عمرہ ادا کیا۔ دوسری جانب قطری حکومت ہے جو گریہ و زاری کا وسیلہ حاصل کرنے کیلئے اپنے شہریوں او راپنے یہاں مقیم غیر ملکیوں کو عمرہ ادا کرنے سے روک رہی ہے۔ اپنی سیاہ کاری کو چھپانے کیلئے سعودی عرب پر الزام دھر رہی ہے کہ وہ قطری معتمرین کو اپنے یہاں آنے کی اجازت نہیں د ے رہی۔