Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

مکہ مکرمہ، مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی

مملکت سے شائع ہونے والے عربی اخبار ”البلاد“ کا اداریہ
مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کا قیام ایک طرح سے بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے دور سے لیکر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حالیہ زریں عہد تک مقدس مقامات کی خدمت کے حوالے سے سعودی مساعی کی تاجپوشی کے مترادف ہے۔ اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ اس جذبے کا غماز ہے کہ سعودی عرب اور اسکی قیادت ضیوف الرحمن کو بہتر سے بہتر تر اور معیاری سے معیاری تر خدمات پیش کرنے کےلئے نئے عظیم الشان منصوبے نافذ کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ یہ سب کچھ ایسے وقت میں ہورہا ہے جبکہ ارض مقدس آنے والے زائرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
سعودی وژن 2030 اسلامی عرب دنیا سے سعودی عرب کی گہری وابستگی، سرمایہ کارانہ صلاحیت میں وسعت اور اسٹراٹیجک جغرافیائی محل وقوع کی اہمیت پر منحصر ہے۔ سعودی عرب مسلمانان عالم کا قبلہ ہے۔ اسلام اس ریاست کا نظام ِحیات ہے۔ یہاں کے تمام قوانین و ضوابط اور مملکت میں ابھرنے والے تمام رجحانات کا سرچشمہ او رماخذ اسلام اور صرف اسلام ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اسے حرمین شریفین ، بیت اللہ شریف کے حجاج، معتمرین و زائرین کی خدمات کا انمول اعزاز بخش رکھا ہے۔ سعودی عرب عظیم الشان فریضہ بہتر سے بہتر شکل میں انجام دے رہا ہے۔ ضیوف الرحمان کو ایمان افروز روحانی محفوظ ماحول ، عمدہ خدمات اور غیر معمولی اجتماع کو موثر شکل میں کنٹرول کررہا ہے۔
مکہ مکرمہ، مشاعر مقدسہ ڈیولپمنٹ رائل اتھارٹی کے قیام کے نتائج منیٰ ، مزدلفہ ، عرفات اور مکہ مکرمہ شہر کو جدید تر اور حسین تر بنانے کی صورت میں منعکس ہونگے۔ سعودی عرب کی ذی شعور اور حکمت و بصیرت والی قیادت کی آرزو یہی رہتی ہے کہ مقدس ترین مقام کی خدمت کےلئے انمول سے انمول نعمت کو قربان کردیا جائے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: