بلوچستان / پنجاب: نگراں وزیر اعلیٰ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کریگا
کوئٹہ / لاہور- - - - خیبر پختونخوا کے بعد صوبہ بلوچستان اور صوبہ پنجاب میں بھی نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور حزب اختلاف کی پارلیمانی کمیٹیوں میں اختلافات برقرار رہے اور کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہونے کے بعد بالآخر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں اپوزیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ نواب ثناء اللہ زہری جو صوبے کے سابق وزیر اعلیٰ بھی ہیں، کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں حکومتی کمیٹی نے شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے بعد ثنا اللہ زہری نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے تینوں ارکان نے اجلاس میں شرکت نہیں کی، لہٰذا اب چاروں تجویز کردہ نام اسپیکر کو دے دیے جائیں گے اور معاملہ الیکشن کمیشن میں چلا جائے گا۔اُدھر پنجاب میں بھی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس صوبائی اسمبلی میں منعقد ہوا جس میں ن لیگ کی جانب سے رانا ثنا اللہ، خواجہ عمران نذیر اور ملک محمد احمد خان شریک ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔ یہاں بھی فریقین کی جانب سے دیے گئے ناموں میں سے کسی ایک پر بھی اتفاق نہیں ہو سکا اور اجلاس بے نتیجہ ختم ہوا۔اجلاس کے بعد سابق اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما محمود الرشید نے صحافیوں کو بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے ہونے والے مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور اب معاملہ الیکشن کمیشن میں چلا گیا ہے۔