پاک ،افغان سرحد پر پاک فوج پر حملے،6دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی... ا فغان سرحد سے دہشت گردوں نے باجوڑ اور بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز میں پاک فوج پر حملے کئے جس میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق افغان سرحد سے دہشت گردوں نے باجوڑ اور بلوچستان میں قمر دین کاریز میں سرحدی چوکیوں اور باڑ لگانے والے سیکیورٹی اہلکاروںپر فائرنگ کی۔ ایف سی کے 4 اور پاک فضائیہ کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔سیکیورٹی فورسز نے باڑ کی تنصیب اور سرحدی چوکیوں کے قیام سے روکنے کی دہشت گردوں کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں حکومتی عملداری نہ ہونے کا فائدہ اٹھا کر پاکستان پر حملے کر رہے ہیں۔ پاکستان تمام چیلنجز کے باوجود سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے باڑ کی تنصیب اور سرحدی چوکیوں کے قیام کا کام جاری رکھے گا۔