گلگت بلتستان پیکیج عوام کی توہین ہے ،بلاول
اسلام آباد...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے گلگت بلتستان پیکیج کو عوام کی توہین اورا شتعال انگیز قرار دیدیا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کو قانون سازی کا مکمل اختیار دیا جائے۔جس ڈھٹائی سے عوام کو جائز حقوق دینے سے انکار کیا جارہا ہے، اس کے اچھے نتائج نہیں نکلیں گے۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں بیٹھی بیوروکریسی کو قانون سازی کا اختیار دینا گلگت بلتستان کے عوام کی توہین ہے۔بلاول نے مزید کہا کہ ایک طرف31 ویں ترمیم لا کر صدر کے اختیارات واپس لے کرقبائلی علاقوں کی عوام کو خود مختار بنایا گیا دوسری جانب گلگت بلتستان کے عوام سے اختیارات سلب کر کے وزیراعظم کو دیئے گئے۔ بلاول نے کہا کہ نام نہاد اصلاحات پیکیج کے تحت وزیراعظم کو قانون سازی کے اختیارات حاصل ہونگے۔قانون ساز اسمبلی کے منظورشدہ کسی بھی قانون کو رد کرنے کا اختیار ہوگا۔انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی وزیراعظم سمیت کسی فردِ واحد یا بیوروکریسی کو گلگت بلتستان کے لئے قانون بنانے کی اجازت نہیں دے گی۔وزیراعظم کو اگر قبائلی علاقوں کے لئے قانون سازی کے اختیارات نہیں رہے تو گلگت بلتستان کے لئے کیوں؟ ۔