سرمایہ کاروں کو 28ارب ریال کا فائدہ، پرائس انڈیکس میں 1.3فیصد اضافہ، سعودی ریئل اسٹیٹ کو فوقیت، البابطین کی تنزلی
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس انڈیکس182 پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 102.58پوائنٹس اضافے کے بعد8016.85پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ پرائس انڈیکس میں 1.3فیصد اضافہ جبکہ حجم میں 2.1فیصد کا فروغ دیکھا گیا جبکہ سودوں اور کاروباری مالیت میں بالترتیب 9.1فیصد اور 0.12فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔ مجموعی طور پر قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا جس سے سرمایہ کاروں کو 28ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ اگر ہم انفرادی کمپنیوں کا جائزہ لیں تو یہ بات ہمارے مطالعہ میں آتی ہے کہ سعودی ریئل اسٹیٹ کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 26.27فیصد کے گرانقدر فروغ کے بعد 30.43ریال تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ سعودی ریئل اسٹیٹ نے 5فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا بھی اعلان کیا ہے۔ منافع کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ناما کیمیکلز رہی جس کی قدر 20.93فیصد اضافے کے بعد 27.93ریال پر بند ہوئی۔ السریع گروپ بھی کچھ پیچھے نہیں رہی جس کی قیمت 19.12فیصد کے فروغ کے بعد21.99ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ انفرادی کمپنیوں میں سب سے زیادہ تنزلی البابطین میں دیکھی گئی جس کی قیمت 12.39فیصد انحطاط کے بعد 25.53ریال تک گر گئی۔ نقصان کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر سلامہ انشورنس رہی جس کی قدر 12.09فیصد کی کمی کے بعد 22.24ریال پر بند ہوئی۔ کاروباری مالیت کے لحاظ سے سابک اور الراجحی بینک ممتاز رہیں اور دونوں کی قیمتیں بالترتیب 2.27فیصد اور2.23فیصد اضافے کے بعد 117.42اور 82.39ریال پر بند رہیں۔ نیشنل گیس نے 16فیصد کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا جس کی تقسیم 4حصوں میں کی جائیگی۔ پہلی 4فیصد، 27مئی، دوسری 4فیصد 12اگست، تیسری 4 فیصد 24اکتوبر اور چوتھی 4فیصد 19دسمبر کو کی جائیگی۔ نیشنل گیس کی قیمت 0.71 فیصد اضافے کے بعد اس وقت 29.87ریال پر ہے۔