غزہ میں مظالم کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے ،شاہد خاقان
استنبول... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ اس وقت تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑے ہیں۔ فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے جوڑا جا رہا ہے۔ مسئلہ فلسطین پر سلامتی کونسل کی قراردادوں سے بھی انحراف کیا جا رہا ہے۔ استنبول میں او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔آزاد اور خودمختار فلسطین چاہتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی مذمت کرتے ہیں۔ شاہد خاقان نے غزہ میں مظالم کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لئے اقوام متحدہ میں مل کر آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات بھلا کر او آئی سی پلیٹ فارم سے مضبوط موقف دینے کی ضرورت ہے۔ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔فیصلوں پر عملدرآمد سے ہی بیرونی دباو کا سامنا کر سکتے ہیں۔ او آئی سی کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ سلامتی کونسل عملدرآمد نہیں کرا سکتی تو جنرل اسمبلی میں حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ا نہوں نے کہا کہ ہمیں اختلافات بھلا کر او آئی سی فورم سے مضبوط موقف دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمعہ کو یوم یکجہتی فلسطین کے طورپرمنایا گیا ۔کشمیر کے عوام بھی 70 سال سے ہندوستانی مظالم کا شکار ہیں۔