جدہ میں رشتہ ازدواج پروگرام " فیس ٹو فیس " کاانعقاد
تلنگانہ یونائیٹڈ فورم کے پروگرام میں سینکڑوں والدین کی شرکت،20 سے زائد نئے رجسٹریشن
جدہ ( امین انصاری ) - - - - تلنگانہ یونائیٹڈ فورم نے جدہ میں مقیم ریاست تلنگانہ کے تارکین وطن کیلئے پیامات شادی" فیس ٹو فیس " پروگرام کا اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں منعقد کیا ۔سینکڑوں کی تعداد میں والدین نے شرکت کرکے اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کیلئے اپنی پسند کے رشتے تلاش کئے ۔ فورم کے صدر محمود بلشرف کی نگرانی میں کمیٹی کے ذمہ داران مہتاب قدر ، فاروق احمد ، عبید باجوہ ، منور خان جاوید اور یوسف الدین وحید نے لوگوں کی رہنمائی کی جبکہ نئے آنے والے رشتوں کے فارم کی خانہ پری اورکمپیوٹرائز کرنے میں لیاقت علی خان ، اشفاق اور دیگر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقع پراپنے بچوں کی شادی کیلئے پریشان والدین نے کہا کہ الحمدللہ ہمیں بغیر کسی فیس اور بغیر کسی پریشانی کے انتہائی آسانی سے معیاری اور نیک لوگوں کے رشتے مل رہے ہیں ۔ تلنگانہ یونائٹیڈ فورم نے ہمارے بچوں کی شادی کیلئے فیس ٹو فیس کا جو پروگرام شروع کیا وہ نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ دل کی گہرائیوں سے شکریہ کا مستحق بھی ہے ۔ صدر فورم محمود بلشرف نے بتایا کہ پروگرام کے دن 20 سے زائد والدین نے اپنے بچوں کے کوائف شادی کیلئے جمع کئے ہیں جبکہ ہمارے پاس پہلے سے 300 سے زائد بچے اور بچیوں کی اسم نویسی موجود ہے جسے فورم شرکاء دکھاتی ہے ۔الحمدللہ بغیر کسی لین دین اور آپسی گفت وشنید کے بعد کئی رشتے طے ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ذاتی معلومات راز میں رکھے جاتے ہیں رشتہ پسند آنے پر دونوں فریقین کو فیس ٹو فیس ملاقات کروائی جاتی ہے ۔ مہتاب قدر ، منور خان ، فاروق احمد ، عبید باجوہ اور یوسف الدین وحید نے تمام سرپرستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بغیر کسی لین دین کے آپس میں مل بیٹھ کر اپنے بچوں کی رشتے طے کرلئے ۔