سیاستدان کی بھی عزت ہونی چاہیے،شاہد خاقان
پسرور... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جتنی عزت ایک جج ، جرنیل اور سرکاری افسر کی ہے اتنی عزت سیاستدان کی بھی ہونی چاہیے۔صرف سیاست دان کا احتساب ہوتا ہے، کسی اور کا نہیں ہوتا۔ ملک کی ترقی کا صرف ایک ہی طریقہ ہے ووٹ اور سیاست دان کو عزت دیں۔سیالکوٹ پسرور سڑک کو 2 رویہ کرنے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے دوران وزیر قانون زاہد حامد نے استعفیٰ دیا حالانکہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انہوںنے کہا کہ جس ملک میں سیاست دان کی عزت نہیں ہوگی وہ ترقی نہیں کرسکتا۔ ملک کو چلانے اور معاملات حل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ کام سیاست دان کے حوالے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے 30 سال ملک کی خدمت کی لیکن اقامے پر نااہل کردیا گیا۔ہم نے عدالتی فیصلے قبول کئے لیکن تاریخ اور عوام ایسے فیصلے قبول نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ووٹر ایک باشعور ووٹر ہے وہ یہ سمجھتا ہے کون صرف دعوے کرتا ہے اور کون کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ اگر عوام نے بہتر فیصلہ کیا تو ترقی کا سفر جاری رہے۔