ہائیکورٹس بچوں کے ساتھ بے حرمتی کے مقدمات کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں قائم کریں،سپریم کورٹ
نئی دہلی- - - - سپریم کورٹ نے ملک کی تمام ہائی کورٹوں کو ہدایت کی ہے کہ بے حرمتی جرائم سے بچوں کے تحفظ (پاکسو) قانون کے تحت دائر مقدمات کی نگرانی کے لئے ججوں کی کمیٹی تشکیل دیں۔چیف جسٹس دیپک مشرا، جج اے ایم کھانولکر اور جج ڈی وائی چندراچوڑ پر مشتمل 3 ججی بنچ نے ریاستوں کے پولیس ڈائریکٹر جنرلوں اور کمشنروں کو بھی ہدایت کی کہ اسپیشل ٹاسک فورسز تشکیل دیں تاکہ تحقیقات تیزی سے ہو سکے اور مقررہ تاریخ پر گواہوں کی بھی پیشی ہو سکے۔ بنچ نے یہ بھی کہاکہ ایسے معاملات کی سماعت کررہی خصوصی عدالتیں کسی خاص عذر کے بغیرسماعت ملتوی نہیں کریں گی اور 2012ء کے پاکسو قانون کے تحت معاملات کا جلد نمٹایا کریں گی۔اس سے پہلے مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) پنکی آنند نے بنچ کے واقف کرایا کہ 12برس سے کم عمر کے بچوں کے ساتھ بے حرمتی معاملات میں پھانسی کی سزا کے تعلق سے آرڈی ننس لایا جاچکا ہے۔ واضح ہوم کہ پوکسو قانون کے تحت 112628مقدمات ملک کی مختلف عدالتوں میں معرض التوا ء میں پڑے ہیں۔ جن میں سے 30883کیسز صرف اترپردیش کی ہی عدالتوں میںزیر التوا ء ہیں۔