خواجہ آصف کی نااہلی سے خوش نہیں،خورشید شاہ
اسلام آباد... قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مجھ سمیت کوئی بھی سیاستدان خواجہ آصف کی نااہلی سے خوش نہیں۔ آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 کالا قانون ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ خواجہ آ صف کی نااہلی کے پیچھے ضیاالحق کی مہربانیاں ہیں۔ ضیاءکی پالیسیوں نے کسی کو نہیں بخشا ۔ اس قانون سے آج ضیاءالحق کے بچے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ بہتر ہوتا یہ معاملہ پارلیمنٹ ہی حل کرتی۔ کسی بھی پارٹی سے ورکر نکل جائے تو افسوس ضرور ہوتا ہے۔ نوازشریف کو بار بار اس قانون کے خاتمے کے لئے کہا لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا۔ ایک سوال پر انہو ں نے کہا کہ حکومت کو 4 ماہ سے زیادہ کا بجٹ پیش نہیں کرنا چاہیے۔ حکومت ایک سال کا بجٹ پیش کر کے نئی روایت ڈال رہی ہے۔