کراچی کو بجلی اور پانی دونوں ملیں گے،شاہد خاقان
کراچی.. وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بجلی بحران پر وفاق اور سندھ حکومت میں کوئی تنازع نہیں ۔ مل کر شہرکے تمام مسائل بالخصوص پانی و بجلی بحران کو حل کریں گے۔کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے درمیان جاری مسائل کو حل کر ادیا ۔ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی سے مشروط ہے ۔شہر میں پانی و بجلی دونوں ملیں گے تاہم پہلے بجلی کی جانب توجہ مرکوز ہے۔ پانی کی فراہمی بھی بجلی سے مشروط ہے۔ حکومت کا کے الیکٹرک کو سرکاری تحویل میں لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اگر سندھ حکومت کہے تو وفاق گرین لائن منصوبے کو بسیں بھی دینے کے لےے تیار ہے ۔ وہ گورنر ہاوس میں وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان گیس کی فراہمی اور واجبات کے تنازع کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا ۔ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے اسباب کا جائزہ بھی لیا گیا ۔تفصیلی مشاورت کے بعد کے الیکٹرک اور سوئی گیس کے درمیان موجود مسائل کو حل کرنے کے لئے حکمت عملی طے کی گئی ۔ شاہد خاقان نے کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان مسئلے کو حل کر دیا ۔سوئی گیس کمپنی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کے الیکٹرک کو ضرورت کے مطابق مکمل گیس فراہم کرے گی ۔ گیس کی فراہمی کا آغاز آج کر دیا گیا ۔ کے الیکٹرک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کراچی کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ کے الیکٹرک نے اجلاس میں بتایا کہ ان کا کوئی پلانٹ بند نہیں ۔ کے الیکٹرک اور دیگر اداروں کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے مسئلے کو حل کرانے کے لئے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ذمہ داری لگا دی گئی ۔ وہ اس مسئلے کو آئندہ 25 دنوں میں حل کرائیں ۔