چوہدری نثار کے بارے میں قوم سب جانتی ہے،نواز شریف
اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف کیس صرف انتقام لینے کے لئے بنایا گیا۔ نواز شریف کسی کے سامنے جھکتا نہیں ۔ اڈیالہ جیل میں پہلے سے تیاریاں ہیں، صفائیاں ہو رہی ہیں۔ انہیں کیسے پتہ چلا کہ کوئی آرہا ہے۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ایک ایک کرکے جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ کے پول کھل رہے ہیں۔جے آئی ٹی نے اصل حقائق چھپا ئے ۔ جو حقائق ہمارے حق میں جاسکتے تھے۔انہیں عیاری و چالاکی کے ساتھ چھپانے کی کوشش کی لیکن پکڑے گئے۔واجدضیاکو کہنا پڑانوازشریف کی تنخواہ کے بار ے میں ثبوت نہیں ملا۔ جس بات پر نکالاگیا اس کا بھی ثبوت نہیں تو یہ کیس ہے کیا؟۔ انہوں نے کہا کہ میرا کیس دہشتگردی کا نہیں تھا۔ میں ملک کے خلاف کام نہیں کررہا تھا تو آئی ایس آئی اور ایم آئی کو بیچ میں ڈالنے کی کیا ضرورت تھی۔ جے آئی ٹی کے جو ہیرے واٹس ایپ پر تلاش کئے گئے ان میں سے 3 ہیرے سیاسی طور پر ہمارے بدترین مخالف ہیں۔ اس کا مقصد صرف یہ تھا کہ من پسند نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ پانا مہ کیس کی تحقیقات کے لئے لندن میں جس کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس کا مالک جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا کا کزن تھا ۔ ہمارے وکیل نے سوال پوچھا کہ کتنی فیس دی گئی تو واجد ضیا نے کہا کہ یہ میرا استحقا ق ہے، اس کا جواب نہیں دے سکتا ۔یہ کیسا استحاق ہے؟۔ یہ قوم کا پیسہ ہے۔ آج نہیں تو کل قوم کو اس کا بھی حساب دینا پڑے گا ۔ایک سوال پر نواز شریف نے کہا کہ چوہدری نثار کے بارے میں قوم مجھ سے جانے بغیر ہی سب کچھ جانتی ہے ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواوں پر نیب کا دباو¿ نہیں ہونا چاہیے۔