مونٹی فور .... دنیا میں جہاں بہت سے بچے پوری جسامت کے ساتھ پوری خیر و عافیت کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں وہیں روزانہ پیدا ہونے والے لاکھوں بچوں میں سے بعض جینیاتی خرابی کے سبب کچھ خامیوں، خرابیوں اور نقائص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں مگر جب معاملہ جڑواں بچوں کا ہوتا ہے ۔ کبھی کبھی دونوں بچے کسی نہ کسی طرح ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں ایسے ہی دو بچے اب سے 14ماہ قبل جب مقامی اسپتال میں پیدا ہوئے تو دونوں کے سر جڑے ہوئے تھے۔ آخر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے انہیں ایک دوسرے سے الگ کرنے کے پیچیدہ آپریشن کا بیڑا اٹھایا اور 27گھنٹے جاری رہنے والے آپریشن کے بعد دونوں بچوں کو الگ کردیا۔اب جبکہ ان دونوں بچوں کے کامیاب آپریشن کو ایک ماہ گزر چکا ہے اسپتال نے جدون اور انیاس میکڈونلڈ نامی دونوں بچوں کی تازہ ترین حالت کے بارے میں بتایا کہ دونوں تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں تاہم انیاس کے صحتیاب ہونے کی رفتار جدون کی صحتیابی کی رفتار سے نسبتاً کم ہے تاہم ڈاکٹروں اور سرجنوں کو یقین ہے کہ آئندہ 6ہفتے کے بعد مناسب دیکھ بھال ، علاج اور مکمل دیکھ بھال کے بعد یہ صحتیاب ہوجائیں گے۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق ان دونوں نے الگ ہونے کے بعد پہلی بار ایک دوسرے کو دیکھا تو حیرت سے دونوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے۔