ریاض..... وزارت ماحولیات پانی و زراعت کی کمیٹی نے متعدد زرعی کمپنیوں پر خلاف ورزی و غیر معیاری زرعی ادویات کے اسپرے کرنے پر 12 لاکھ 50 ہزار ریال جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔ سبق نیوز کے مطابق وزارت زراعت کی جانب سے زرعی فارم اورکمپنیوںکو خصوصی طور پر ہدایت کی ہے کہ وہ غیر معیاری زرعی دواﺅں کا اسپرے نہ کریں ۔ جو اسپرے وزارت کی جانب سے تسلیم شدہ ہے اسے فصلوں کےلئے استعمال کیا جائے ۔ ادویات کے اسپرے کےلئے مقدار اور طریقہ کار کی بھی وضاحت کی جاتی ہے تاکہ فصل انسانی صحت کےلئے نقصان دہ ثابت نہ ہو ۔ اس حوالے سے وزارت کی جانب سے فیلڈ میں تفتیشی ٹیمیں مسلسل دور ہ کرتی ہیں جو اس امر کا جائزہ لیتی ہیں کہ زرعی دواﺅں کا استعمال مقررہ قواعد کے مطابق کیا جارہا ہے یا نہیں ۔ غیر معروف زرعی دوائیں اسپرے کرنے پر وزارت زراعت کی جانب سے 200 لاکھ ریال جرمانے کے علاوہ کمپنی یا زرعی فارم کو عارضی بنیادوں پر یا مستقل طور پر بھی بند کردیاجاتا ہے ۔ اس حوالے سے وزارت زراعت کی تفتیشی ٹیموں نے متعدد زرعی کمپنیوں اور فارمز پر خلاف ورزی ثابت ہونے پر جرمانے عائد کئے ہیں ۔ وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مملکت میں زرعی اجناس کو کسی بھی طرح آلودہ نہ کیا جائے کیونکہ کیٹرے مار ادویات کے مابعد اثرات فصل پر مرتب ہوتے ہیں جس سے انسان براہ راست متاثر ہو تا ہے ۔