گزشتہ برس تنخواہوں کی مد میں 2.2ارب ریال اضافی ادا کئے گئے، سروے رپورٹ
ریاض- - - - -سوشل سیکیورٹی انشورنس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس مملکت میں308.6 ارب ریال تنخواہوں کی مد میں ادا کئے گئے ۔ 2016 میں ادا کی جانے والی مجموعی تنخواہیں 306.4 ارب ریال تھی۔ سال 2016 کے مقابلے میں2017 میں 2.2 ارب ریال اضافی تنخواہوں کی مد میں ادا کئے گئے اگرچہ 5 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکن مارکیٹ سے نکل چکے تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2017 میں 5 لاکھ کارکن مملکت کی مارکیٹ سے نکل گئے تھے اس کے باوجود تنخواہوں میں اضافہ غیر معمولی رہا ۔ سوشل سکیورٹی سروس کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں مزید کہاگیا ہے کہ 2016 میں 39.5 فیصد سعودی کارکن جبکہ 60.5 فیصد غیر ملکی کارکن رجسٹرڈ تھے جنہیں تنخواہوں کی مد میں مذکورہ بالا ادائیگیاں کی گئیں ۔ مقامی و غیر ملکیوں کی تنخواہوں کے حوالے سے جاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودیوں کو تنخواہوں کی مد میں 122 ارب ریال جبکہ غیر ملکیوں کو 186.6 ارب ریال ملے ۔ نجی سیکٹر میں سعودیوں کی تنخواہیں غیر ملکی کارکنوں سے 3 گنازیادہ ہیں ۔ 2017 کی پہلی سہہ ماہی میں نجی شعبے میں کام کرنے والے 5لاکھ 85 ہزار 454 غیر ملکیوں کو ملازمت سے خیر باد کہا گیا جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ برس 1لاکھ 4 ہزار 288 سعودی برسرروزگار ہوئے ۔ تنخواہوں کے حوالے سے کئے جانے والے سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے 47 فیصد سعودیوں کی ماہانہ تنخواہ 3ہزار ریال یا اس سے کم ہے جبکہ اس کے مقابلے میں 73 فیصد غیر ملکی کارکن 1500 ریال یا اس سے کم ماہانہ تنخواہ پر کام کرتے ہیں ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ 2017 میں 5 لاکھ کے قریب غیر ملکی کارکن مقامی مارکیٹ سے خارج ہوئے اس کے باوجود تنخواہوں کا تناسب 2016 کے مقابلے میں 2.2 ارب ریال زیادہ رہا ۔ اس حوالے سے نجی سیکٹر کو 2016 کے مقابلے میں 2017 میں تنخواہوںکی مد میں اضافی ادائیگی کرنا پڑی ۔سوشل سیکیورٹی انشورنس ادارے کا کہنا ہے کہ مملکت میں رجسٹرڈ کارکنوں کی جملہ تعداد 97 لاکھ ہے جن میں سے 17 لاکھ 80 ہزار سعودی جبکہ 79 لاکھ غیر ملکی کارکن ہیں جو سوشل سیکیورٹی انشورنس اسکیم میں رجسٹرڈ ہیں ۔ سعودی کارکنوں کا تناسب 18.4 فیصد جبکہ غیر ملکی 81.6 فیصد ہیں ۔ سعودی کارکنوں کی اضافی ماہانہ تنخواہوں کی وجہ سے نجی سیکٹر کو 2107 میں 2016 کے مقابلے میں 2.2 ارب ریال اضافی ادا کرنے پڑے ۔