ارض حرمین کا تقدس ہر پاکستانی کے دل میں ہے، حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،سابق وفاقی وزیر
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر داغے جانے والے میزائل حملوں پر سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے کہا ہے کہ عالم اسلام کےلئے مملکت کی حیثیت دل کی ہے ۔ ارض حرمین پر کیا گیا حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے مزید کہا حوثیوں کی جانب سے مملکت پر میزائل حملہ کسی صورت قبول نہیں کیاجائےگا ۔ ریاض ، نجران ، خمیس مشیط اور جیزان پر کئے جانے والے میزائل حملوں کو سعودی شاہی افواج نے کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے حوثیوں اور انکے پشت پناہوں کو واضح پیغام دے دیا کہ مملکت کی اسلامی فوج سعودی عرب کی حفاظت سے کبھی غافل نہیں رہتی۔ مملکت میں مقیم تمام پاکستانی اس امر پر متفق ہیں کہ ارض حرمین کی حفاظت کے لئے وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ پاکستان اور سعودی عرب یک جاں دو قالب ہیں ۔ ہمارے مابین مشترکہ مذہب کا مستحکم رشتہ قائم ہے جس نے ہمیں باہم جوڑے رکھا ہے۔ چوہدری شہباز حسین نے مزید کہا اقوام متحدہ حوثیوں کی جانب سے کئے گئے حملے کا فوری نوٹس لے تاکہ انہیں دوبارہ اس قسم کی جرات نہ ہو ۔