بہادرآباد گروپ نے فاروق ستار کو پھر مذاکرات کی دعوت دیدی
کراچی ..ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد گروپ نے پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار کو پھر مذاکرات کی دعوت دے دی ۔الیکشن کمیشن نے پی آئی گروپ کے انٹراپاٹی الیکشن اور جنرل ورکرزکنونش کی قرار داد کو مسترد کئے جانے کے بعد بہادرآبادگروپ نے ہنگامی اجلاس طلب کیا بعد ازاںپریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنما فیصل سبزواری نے میڈیا کو بتایا کہ فاروق ستار اپنے خطاب میں اس بات کا اعلان کرچکے ہیں کہ الیکشن کمیشن جو بھی فیصلہ کرے گا وہ قبول کریں گے ۔ آج الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے ۔ امید ہے کہ وہ اسے قبول کریں گے ۔پارٹی کا پرچم ،نشان اور دفتر ہمارے پاس ہے ۔ کارکنان کو جوابدہ ہیں ۔کارکنان ہمارے ایک ایک عمل کو دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے فاروق ستار کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ خالدمقبول صدیقی کی اسلام آباد سے واپسی کے بعد پھر سر جوڑ کر بیٹھیں گے ۔ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے مل کر تنظیم کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا۔فیصل سبزواری نے کہ آپسی اختلافات کے باعث پہلے ہی ایک دوسرے کا بہت نقصان ہوچکا ۔ اب مزید نقصان سے بچنا چاہتے ہیں ۔ اس کیلئے فاروق ستار کو مل بیٹھنے کی دعوت دی ہے۔