ریاض..... ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں چوری کی وارداتیں کرنے والا 10 رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ ٹرک اور واردات میں استعمال ہونے والے لوہے کے کٹرودیگر سازو سامان بھی برآمد کر لیا گیا ۔ ملزمان سے بعض مسروقہ اشیاءبھی برآمد ہوئیں۔ ریجنل ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کو نامعلوم چوروںکی تلاش تھی جن کے بارے میں متعدد تجارتی مراکز اوردکانوں کے مالکان نے رپورٹ درج کروائی تھی ۔ ملزمان انتہائی مہارت سے واردات کیا کرتے تھے اور اپنے پیچھے کوئی سراغ نہ چھوڑتے ۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کےلئے منظم حکمت عملی مرتب کی تاکہ ملزمان کو رنگے ہاتھوں ثبوت کے ساتھ گرفتار کیا جاسکے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مرتب کی جانے والی حکمت عملی کارگرثابت ہوئی اور پولیس پارٹی نے بالاخر گروہ کو رات کے آخری پہر اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جب وہ واردات کررہے تھے ۔ ۔ گروہ 10 افراد پر مشتمل ہے جو انتہائی مہارت سے وارداتیں کیا کرتے تھے ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان نے 4 ماہ قبل ایک منی ٹرک چرایا تھا جس کے عقبی کیبن میں انہوںنے لوہا کاٹنے کا کٹر اور دیگر آلات کے علاوہ واردات کے دوران استعمال ہونے والے کپڑے کے دستانے اور لوہے کے راڈ وغیرہ رکھے ہوئے تھے ۔ گروہ کے ارکان واردات کےلئے منتخب کی جانے والی دکان کی ریکی کرتے اور منصوبہ بنانے کے بعد چوری شدہ ٹرک لیکر رات گئے وہاں جاتے ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اب تک تقریبا 5 لاکھ ریال کی چوری کا اعتراف کر لیا انکے قبضے سے بعض مسروقہ موبائل فون ، پرفیوم ، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اور دیگر اشیاءبھی برآمد ہوئی ۔ گروہ کے خلاف مقدمہ دائر کر کے انہیں تحقیقاتی سینٹرکے حوالے کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔