نئی دہلی .... اگرچہ کمیونسٹ پارٹی مارکسسٹ کانگریس کے ساتھ کسی بھی انتخابی اتحاد کی اب تک مخالفت کرتی رہی ہے لیکن پارٹی کے سابق جنرل سیکریٹری پرکاش کرات کا کہناہے کہ وہ ہر صورت میں بی جے پی کا راستہ روکے گی۔ اسکے لئے چاہے اسے کانگریس کی حمایت ہی کیو نہ کرنا پڑے۔ وہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینا چاہتی ہے۔ پارٹی کے ترجمان اخبار ”پیپلز ڈیموکریسی “نے اپنے اداریئے میں کہا کہ یوپی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کامیابی سے بی جے پی کو ہرانے کیلئے آئندہ کیلئے اہم سبق ملا ہے۔ اگر غیر بی جے پی اہم جماعتیں متحد ہوجائیں تو چھوٹی جماعتیں خود بخود ان کی حمایت کرینگی۔ واضح رہے کہ اس سال کے شروع میں پارٹی نے ایک سیاسی قرارداد کا مسودہ تیار کیاتھا جس میں کانگریس کے ساتھ کسی بھی مفاہمت یا انتخابی اتحاد کی مخالفت کی گئی تھی۔