عدلیہ پر نہیں بعض فیصلوں پر تحفظات ہیں،سعد رفیق
لاہور ... وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین و قانون کے محافظ اداروں کے مابین خلیج جمہوری نظام کے لئے خطرناک ہے۔توہین عدالت کی درخواستوں کے اخراج سے عدالتی وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ توہین عدالت مطمع ِ نظر تھا نہ کبھی ہوگا۔عدلیہ کا احترام لازم ہے۔عدلیہ کی آزادی غیر جانبداری اور وقار کے داعی ہیں۔عدلیہ بحالی تحریک میں دل و جان سے حصہ لیا اور جیلیں کاٹیں ۔عدلیہ پر نہیں بعض عدالتی فیصلوں اور ریمارکس پر تحفظات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اداروں میں تلخیاں پیدا کروانے والے اللہ کے قہر سے ڈریں۔ڈس انفارمیشن کا دھندا ملکی مفاد کے منافی ہے۔ آئین و قانون کے محافظ اداروں کے مابین خلیج جمہوری نظام کے لئے خطرناک ہے۔