چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹنگ جاری
اسلام آباد...چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے لئے ن لیگ کے راجہ ظفر الحق،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی مدمقابل ہیں۔ ڈپٹی چیئر مین کے لئے پیپلزپارٹی کے سیلم مانڈوی والا اور ن لیگ اور اتحادیوں کی طرف سے عثمان خان کاکڑ میدان میں ہیں۔پیپلزپارٹی اور ن لیگ اپنے امیدواروں کی کامیابی کے دعوے کرر ہے ہیں۔ ووٹنگ کے دوران ایک موقع پر جے یوآئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری سمیت 3 سینیٹرز ایوان سے چلے گئے اور ووٹ کاسٹ نہیں کیا جس پر ن لیگ کے حلقوں میں پریشانی نظر آئی بعد ازاں جے یو آئی ف کے سینیٹرو ں نے واپس آکر ووٹ کاسٹ کیا۔سینیٹ میںمسلم لیگ (ن) 33 نشستوں کے ساتھ اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کی تعداد 20 اور تحریک انصاف کے 12 سینیٹرز ہیں جبکہ 17 آزاد سینیٹرز ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے 5، نیشنل پارٹی کے 5، جے یو آئی (ف) کے 4، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے 5، جماعت اسلامی 2، اے این پی ایک، مسلم لیگ (ف) ایک اور بی این پی مینگل کا بھی ایک سینیٹر ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین کے لئے صادق سنجرانی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ ڈپٹی چیئرمین کے لئے پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا کو ووٹ دینے سے انکار کردیا۔