سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بلُز کا پلڑا بھاری
سرمایہ کاروں کو 40ارب ریال کا فائدہ، ڈیویڈنڈ کے متعدد اعلانات، پرائس انڈیکس میں اضافہ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بلُز کا پلڑا بھاری رہا اور بیرز پیچھے رہ گئے۔ وہ سرمایہ کار جو یہ سمجھتے تھے کہ آگے مارکیٹ اچھی ہے انہوں نے حصص خریدنے کو ترجیح دی۔ اس طرح تداول آل شیئر انڈیکس 226پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 150.95پوائنٹس کے اضافے سے 7562.11پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ قیمتیں بڑھنے سے سرمایہ کاروں کو 40ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ زیادہ تر سرمایہ کاری النماءبینک اور سابک میں کی گئی ۔ النماءبینک میں 3.3ارب ریال کی سرمایہ کاری کی گئی اور اس کی قیمت 2.35فیصد اضافہ کے بعد 20.01ریال پر ختم ہوئی جبکہ سابک میں سرمایہ کاری کی ویلیو 3.2ارب ریال رہی اور اسکی قیمت 3.34فیصد فروغ کے بعد 108.17 ریال پر پہنچ گئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے تیسرا نمبر الراجحی بینک کا تھا جس میں ایک ارب ریال کی خرید و فروخت رہی اور اسکی قیمت 2.78فیصد اضافے کے بعد 75.87ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ فائدے کے لحاظ سے بوپا انشورنس ٹاپ پر رہی جسکی قیمت 11.33 فیصد فروغ کے بعد 87.62ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے مشارقہ رائٹ سرفہرست رہی جسکی قیمت 5.69فیصد کمی کے بعد 9.12ریال پر بند ہوئی۔ گزشتہ ہفتے متعدد ڈیویڈنڈ کے اعلانات سامنے آئے اس کے مطابق پیٹرو رابغ نے بھی 5فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پیٹرو رابغ کے متعلق کافی کچھ لکھا جاچکا ہے کہ کمپنی گزشتہ سال کی ٹاپ پک تھی اگر اس کی کارکردگی کا پہلی جنوری 2018ءسے مقابلہ کریں تو معلوم ہوگا کہ اس کی قیمت میں 47.32فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ 19جون 2017ءمیں اسکی قیمت صرف 11ریال تھی جو اب بڑھ کر 24.22ریال پر پہنچ گئی ہے یعنی اگر کسی سرمایہ کار نے 19جون 2017ءکو اس پر ایک لاکھ ریال لگائے تھے تو وہ بڑھ کر اب 2لاکھ20ہزار ریال ہوگئے ہیں۔ اسکے علاوہ الریاض ڈیولپمنٹ نے 8فیصد اور سعودی فرانسی بینک نے اور سعودی امریکی بینک نے 5،5فیصد ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے ہیں۔